أحمد محمد لبن Ahmad.M.Lbn مؤسس ومدير المنتدى
عدد المساهمات : 52644 العمر : 72
| موضوع: سورة الصَّف الجمعة 23 نوفمبر 2018, 7:10 am | |
| سورة الصَّف شروع الله کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے جو مخلوقات آسمانو ں میں اور جو زمین میں ہے الله کی تسبیح کرتی ہے اور وہی غالب حکمت والا ہے (۱) اے ایمان والو کیو ں کہتے ہو جو تم کرتے نہیں (۲) الله کے نزدیک بڑی ناپسند بات ہے جو کہو اس کو کرو نہیں (۳) بے شک الله تو ان کو پسند کرتا ہے جو اس کی راہ میں صف باندھ کر لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے (۴) اور جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا کہ اے میری قوم مجھےکیوں ستاتے ہو حالانکہ تم جانتے ہو کہ میں تمہاری طرف الله کا رسول ہوں پس جب وہ پھر گئے تو الله نے ان کے دل پھیر دیئے اور الله نافرمان لوگو ں کو ہدایت نہیں کرتا (۵) اور جب عیسیٰ بن مریم نے کہا اے بنی اسرائیل بے شک میں الله کا تمہاری طرف سے رسول ہوں تورات جو مجھ سے پہلے ہے اس کی تصدیق کرنے والا ہوں اور ایک رسول کی خوشخبری دینے والا ہوں جو میرے بعد آئے گا اس کا نام احمد ہو گا پس جب وہ واضح دلیلیں لے کر ان کے پاس آ گیا تو کہنے لگے یہ تو صریح جادو ہے (۶) اور اس سے زیادہ کون ظالم ہے جو الله پر جھوٹ باندھے حالانکہ اسلام کی طرف اسے بلایا جارہا ہو اور ظالم لوگوں کو ہدایت نہیں کرتا (۷) وہ چاہتے ہیں کہ الله کا نور اپنے مونہوں سے بجھا دیں اور الله اپنا نور پورا کر کے رہے گا اگرچہ کافر برا مانیں (۸) وہی تو ہے جس نے اپنا رسول ہدایت اور سچا دین دے کر بھیجا تاکہ اس کو سب دینوں پر غالب کرے اگرچہ مشرک نا پسند کریں (۹) اے ایمان والو کیا میں تمہیں ایسی تجارت بتاؤں جو تمہیں دردناک عذاب سے نجات دے (۱۰) تم الله اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور تم الله کی راہ میں اپنے مالوں اور اپنی جانوں سے جہاد کرو یہی تمہارے لیے بہتر ہے اگر تم جانتے ہو (۱۱) وہ تمہارے لیے تمہارے گناہ بخش دے گا اور تمہیں بہشتوں میں داخل کر ے گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی اور پاکیزہ مکانوں میں ہمیشہ رہنے کے باغو ں میں یہ بڑی کامیابی ہے (۱۲) اور دوسری بات جو تم پسند کرتے ہو الله کی طرف سے مدد ہے اور جلدی فتح اور ایمان والوں کو خوشخبری دے دے (۱۳) ایمان والو الله کے مددگار ہو جاؤ جیسا کہ ابن مریم نے حواریوں سے کہا تھا کہ الله کی راہ میں میرا مددگار کون ہے حواریو ں نے کہا ہم الله کے مددگار ہیں پھر ایک گروہ بنی اسرائیل کا ایمان لایا اور ایک گروہ کافر ہو گیا پھر ہم نے ایمان داروں کو ان کے دشمنوں پر غالب کر دیا پھر تو وہی غالب ہو کر رہے (۱۴) |
|